ممبئی، 14/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)مہاراشٹر میں اسمبلی انتخابات کی مہم تیز ہو چکی ہے اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما اپنی موجودگی کا احساس دلانے کے لیے متواتر بیانات دے رہے ہیں۔ اس سلسلے میں، مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار بھی فعال ہیں، مگر انہوں نے اپنی ہی اتحادی جماعت بی جے پی کو اشاروں اشاروں میں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اجیت پوار کی جانب سے بی جے پی پر یہ تنقید انتخابی سرگرمیوں کے دوران سیاسی تناؤ کو مزید بڑھا رہی ہے۔
اجیت پوار نے چاکن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے کچھ لوگ ایک خاص طبقہ کو نشانہ بنا کر قابل اعتراض تبصرہ کر رہے ہیں۔ این سی پی ایسی زبان کی سخت مخالفت کرتی ہے۔ اس طرح کی باتوں سے سماج میں درار پیدا ہوتی ہے۔
اجیت پوار کا بیان ظاہری طور پر بی جے پی ایم ایل اے نتیش رانے پر تبصرہ مانا جا رہا ہے، جنہیں حال ہی میں ایک ویڈو میں سنا جا سکتا ہے کہ وہ لوگوں کو صرف ہندوؤں کے ساتھ ہی کاروباری لین دین کرنے کے لیے کہہ رہے ہیں۔ واضح ہو کہ کنکولی سے رکن اسمبلی نتیش رانے پہلے بھی تنازعات میں رہے ہیں جب انہوں نے ناسک کے رام گیری مہاراج کے غیر اخلاقی تبصروں کے خلاف ایک طبقہ کے مظاہرہ کو غلط بتاتے ہوئے دھمکی دی تھی۔
دوسری طرف تقریب میں موجود لوگوں سے ووٹنگ کرتے وقت جذباتی نہ ہونے کی گزارش کرتے ہوئے اجیت پوار نے ان سے حمایت بھی طلب کی۔ اجیت پوار نے کہا کہ گزشتہ 34 برسوں سے عوام کی خدمت کیے جانے کے باوجود انہیں اب تک بہترین خطاب کے لیے بہترین رکن پارلیمنٹ کا ایوارڈ نہیں ملا ہے۔